پی ٹی آئی کا سردار عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا سردار عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے سردار عثمان بزدار کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کرنے کے لیے پی ٹی آئی کی مشاورت جاری ہے۔

سردار عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے بارتھی سے تعلق رکھتے ہیں، وہ قبائلی سردار فتح محمد خان بزدار کے بڑے صاحبزادے ہیں۔عثمان بزدار نے 2013 کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر حصہ لیا تھا، تاہم کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔بعدازاں جنوبی پنجاب صوبہ محاذ سے وابستگی کے بعد وہ پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔

25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں وہ پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 286 ڈیرہ غازی خان 2 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر 27 ہزار 27 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کرنے کے بعد عمران خان کا کہناتھا کہ سردار عثمان بزدار کا تعلق پنجاب کے سب سے پسماندہ علاقے سے ہے اور وہ جانتے ہیں  کہ لوگ پسماندہ علاقوں میں کیسے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ عثمان بزدار پوری ایمان داری سےکام کریں گے ۔