ٹیسٹ کرکٹ میں اہلیت منوانا چاہتا ہوں،بابر اعظم

ٹیسٹ کرکٹ میں اہلیت منوانا چاہتا ہوں،بابر اعظم

لاہور: پاکستانی کرکٹر بابر اعظم نے کہا ہے کہ محدود اوورز کے میچز کا ریکارڈ تو اطمینان بخش ہے البتہ طویل فارمیٹ میں بھی ملک کیلئے رنز بنانا چاہتا ہوں۔ پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم نے کہا کہ محدود اوورز کی کرکٹ میں پاکستان کیلئے اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہا ہوں، میرا ریکارڈ بھی اطمینان بخش ہے تاہم اب ٹیسٹ کرکٹ میں اہلیت منوانا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ آئندہ میچز میں اپنی اننگز کو طول دیتے ہوئے ملک کیلئے زیادہ سے زیادہ رنز بناﺅں۔انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ پاکستانی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے کی کوشش کی،چاہتا ہوں کہ اپنے کیریئر کے دوران تینوں فارمیٹ کی کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں کھیلنے کا تجربہ شاندار رہا، انگلش سرزمین پر پاکستان ٹیم کے ساتھ کھیلتے ہوئے رنز بنانے میں کامیاب ہوا، ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کا خواب بھی پورا ہوا۔انہوں نے کہا کہ کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں بھی فارم برقرار رہی۔انہوں نے کہا کہ کاؤنٹی کا کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ بڑی سپورٹ کررہی ہے۔

میں اس بات پر بھی خوش ہوں کہ سمرسٹ کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب رہا۔ایک سوال پر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ مجھے12سال کی عمر تک کرکٹ کا کوئی شوق نہیں تھا، اس کے بعد گلی محلے میں کھیلنا شروع کیا، والد نے ایک کلب کی جانب سے کھیلنے کی حوصلہ افزائی کی،انڈر15سے انڈر 23اور ”اے“ ٹیم میں جگہ بنائی۔

انہوں نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ ایک سال بعد ہی گرین شرٹ زیب تن کرنے کا موقع مل گیا اور اچھی کارکردگی بھی دکھانے میں کامیاب ہوا۔