پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے، وزیر اعظم عمران خان

پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے، وزیر اعظم عمران خان
کیپشن: Image Source : PTI Twitter Account

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان  کہا ہے کہ کمزور طبقے کی مدد کرنا ہماری حکومت کا  ویژن ہے، ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ، وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں خصوصی افراد کے لیے صحت سہولت پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہا ہے کہ قوموں کے بھی نظریے ہوتے ہیں، پاکستان کا بننا ایک عظیم خواب تھا۔ ہم اس سے بہت دور چلے گئے ہیں ہمیں  واپس اسی ویژن پر آنا ہے،  ہم نے ملک کو فلاحی ریاست بنانا تھا جو مدینہ کی ریاست پر عمل پیرا ہونے سے ہی بن سکتا تھا۔

 

عمران خان نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں لوگ غریب تھے، جنگ کے دوران 313 لوگوں (صحابہ) کے پاس ہتھیار نہیں تھے، نبی پاکؐ دنیا کے بہترین انسان تھے، لوگوں کو سٹیو جابز اور بل گیٹس کو نہیں نبی پاکؐ کی زندگی کو پڑھنا چاہیے۔

 

وزیر اعظم نے کہا  کہ پاکستان میں انسانیت کا نظام لانا چاہتے ہیں، ریاست کی ذمہ داری ہے غریب لوگوں کو بھی برابری کے حقوق دیں، ہم کوشش کریں گے غریبوں اور کمزور طبقے کو اوپر لائیں  اور انکی مدد کریں، احساس پروگرام کے لیے ہم نے کوئی جلدی نہیں کی۔ ڈاکٹر ظفر مرزا اور ثانیہ نشتر نے بہت اچھا کام کیا ہے، ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

 

انہوں نے کہا کہ  غریبوں کا ڈیٹا بیس اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سب ادارے مل کر کام کرینگے، کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جن کو بیت المال سے پیسے مل رہے ہیں حالانکہ ان  کو اس کی ضرورت نہیں، ہم سب پر نظر رکھیں گے۔

 

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ  ہیلتھ انشورنس سب سے اہم چیز ہے۔ 25 سے 40 فیصد کے قریب لوگ بہت غریب ہیں، ہم ان کے لیے ہیلتھ انشورنس لائے ہیں، ان سب کی مدد کریں گے، غریبوں کو سہولتیں فراہم کرنا ترجیح ہے۔