دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دوکروڑ18 لاکھ سے تجاوز کرگئی

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دوکروڑ18 لاکھ سے تجاوز کرگئی

واشنگٹن: دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو کروڑ18لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اس مہلک وائرس کے باعث اب تک سات لاکھ 73 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد اور ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، بعض یورپی ملکوں میں وائرس کی نئی لہر کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

دنیا کے مختلف خطوں اور ملکوں میں اس وقت کورونا وائرس کے فعال مریضوں کی تعداد 6489194 ہے۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں متاثرین کی تعداد55 لاکھ 66 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ ملک میں اب تک وائرس سے ایک لاکھ 73 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 2470780 ہے۔

ملک میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 5566632 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ملک بھر کی مختلف ریاستوں میں173128 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، ریاست نیویارک اس مہلک وائرس سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ 30 لاکھ افراد اب تک صحتیاب ہوئے ہیں۔ ادھر برازیل میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد33 لاکھ40 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ ملک میں اب تک وائرس سے ایک لاکھ سات ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ برازیل کورونا وائرس سے شدید متاثر ہواہے، ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران23101 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ حکام کے مطابق اس سے ایک دن قبل برازیل میں کورونا وائرس کے41576 کیسز سامنے آئے تھے۔

برازیل میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3340197 ہوگئی ہے۔ برازیل کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اس دوران 620 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ حکام کے مطابق برازیل میں اب تک کورونا سے متاثرہ 2432856 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس سے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر107879 تک پہنچ گئی ہے۔ برازیل میںکورونا وائرس کے فعال متاثرین کی تعداد 8 لاکھ سے زیادہ ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ برازیل امریکہ کے بعد کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا دوسرا ملک ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس سے اب تک51 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2647663 ہوگئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بھارت میں اب تک کورونا سے متاثرہ 1919842افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ بھارت کی کئی ریاستوں میں کورونا وائرس اب بھی انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے۔