انگلش کرکٹ ٹیم پر مستقبل میں دورہ پاکستان ”قرض “ ہے: وسیم اکرم

انگلش کرکٹ ٹیم پر مستقبل میں دورہ پاکستان ”قرض “ ہے: وسیم اکرم

لاہور :قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے امید ظاہر کی ہے کہ انگلش ٹیم آئندہ دو سال میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کورونا وائرس کے باوجود برطانیہ کا دورہ کیا لہٰذا انگلش کرکٹ بورڈ کو چاہئے کہ وہ اپنی ٹیم بھیجے۔

واضح رہے کہ دو ہزار بائیس میں ایف ٹی پی کے مطابق انگلینڈ کا دورہ پاکستان شیڈول ہے لیکن انگلش کھلاڑیوں نے 06-2005ءکے بعد سے پاکستان کا سفر نہیں کیا ہے۔وسیم اکرم نے کہا کہ انگلش کھلاڑی پاکستان سپر لیگ سے لطف اندوز ہوئے اور انہیں سیکیورٹی یا کوئی خوف محسوس نہیں ہوا۔ توقع ہے کہ وہ پی ایس ایل کے تجربے کو سامنے رکھتے ہوئے آئندہ بھی پاکستان آنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم تقریباً ڈھائی ماہ کیلئے بائیوسیکور ماحول میں انگلینڈ کا دورہ کر رہی ہے ،اس لئے انگلش کھلاڑیوں کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ بھی پاکستان آکر مکمل سیریر کھیلیں۔باہمی سیریز کی بدولت مقامی شائقین کو گراؤنڈ میں بیٹھ کر اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے کھیل سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔ وسیم اکرم نے یقین دلایا کہ پاکستان میں انگلش کھلاڑیوں کی بہترین دیکھ بھال کی جائے گی اور اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہو گا۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے اور پی ایس ایل کے موقع پر کراچی کنگز کے اسکواڈ میں الیکس ہیلز اور کرس جورڈن تھے جن کا بھرپور خیال رکھا گیا تھااور وہ بہترین میزبانی سے متاثر ہوئے تھے۔