افغان طالبان کمانڈر عبدالحمید حماسی کی خواتین ڈاکٹرز سے ہسپتالوں میں کام جاری رکھنے کی درخواست 

افغان طالبان کمانڈر عبدالحمید حماسی کی خواتین ڈاکٹرز سے ہسپتالوں میں کام جاری رکھنے کی درخواست 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کابل: افغان طالبان کمانڈر عبدالحمید حماسی نے کابل ہسپتال کا دورہ کیا اور ڈاکٹرز سے ہسپتالوں میں کام جاری رکھنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی خواتین ڈاکٹرز ہماری مائیں، بہنیں ہیں۔ 
عبدالحمید حماسی نے کابل ہسپتال کے دورے کے دوران کہا کہ موجودہ نظام سے قبل اکثر خواتین ڈاکٹرز خوف زدہ تھیں لیکن اب انہیں بالکل نہیں ڈرنا چاہئے اور وہ بلاخوف اپنی ڈیوٹی نبھائیں، افغانستان کی خواتین ڈاکٹر ہماری مائیں بہنیں ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز طالبان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں داخل ہوکر افغان صدارتی محل پر قبضہ کرنے کیساتھ ساتھ تمام سرکاری تنصیبات پر بھی قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد افغان صدر اشرف غنی اور نائب صدر امراللہ صالح الگ الگ طیاروں کے ذریعے ملک سے چلے گئے۔ 
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’الجزیرہ ‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم نے کہا تھاکہ آج افغان عوام اور مجاہدین کیلئے ایک عظیم دن ہے جنہیں 20 برس کی قربانیوں اور جدوجہد کا پھل مل گیا ہے، ہمارا مقصد اپنے ملک اور عوام کو آزادی دلانا تھا جو ہم نے حاصل کر لیا اور اب ملک میں جاری جنگ ختم ہو گئی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں نئی حکومت کیلئے ہم تمام افغان رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہیں اور ان کے تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں، طالبان اقوام عالم کیساتھ پرامن تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں۔ 
دوسری جانب افغان طالبان کے سیاسی ونگ کے سربراہ ملا برادر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ طالبان کو فتوحات اللہ تعالیٰ کی مددت کیساتھ حاصل ہوئی ہے اور اس پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں، افغان عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ حالات بہتر کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔