طالبان کے آنے کے بعد خواتین کا پہلا مظاہرہ

طالبان کے آنے کے بعد خواتین کا پہلا مظاہرہ

کابل :افغانستان میں طالبان کے آنے کے بعد خواتین نے حکومت میں شامل کرنے کا مطالبہ کردیا ۔ کابل میں خواتین کا پہلا مظاہرہ  ۔ 

تفصیلات کے مطابق افغان ٹی وی نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے، جو کابل میں خواتین کے ایک مظاہرے پر مبنی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مظاہرے میں شریک خواتین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے ہیں، اور وہ حکومت میں خواتین کی شمولیت کے لیے نعرے لگا رہی ہیں۔

کابل کی خواتین نے طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت میں انھیں بھی شامل کیا جائے، ایک طرف طالبان کی جانب سے خواتین کو یونیورسٹی تک تعلیم کی اجازت دینے کا اعلان کیا گیا ہے، دوسری طرف اب خواتین کی جانب سے حکومت میں شامل کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آ گیا ہے۔

 اس وقت دنیا بھر کی نگاہیں طالبان کی آئندہ بننے والی حکومت پر لگی ہوئی ہیں، انسانی حقوق بالخصوص خواتین کے حقوق کے حوالے سے طالبان کے رویوں کو گہری نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔

9bd74256726f085d4fab54d9d1d65c84

ایسے میں دارالحکومت کابل کے اندر خواتین کا مظاہرہ طالبان کے بدلتے رویوں کے حوالے سے ایک پیغام دے رہا ہے، خواتین کی جانب سے یہ مطالبہ کہ انھیں بھی حکومت میں شامل کیا جائے، بلاشبہ غیر معمولی ہے، طالبان رہنماؤں کی جانب سے اس پر کیا ردِ عمل آئے گا، یہ آئندہ چند روز میں واضح ہو جائے گا۔

افغان ٹی وی کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر جو ویڈیو جاری کی گئی ہے، اس میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ مظاہرے کے دوران طالبان جنگ جو بھی وہاں موجود ہیں۔