افغانستان میں امریکہ کی شکست کے بعد مولانا فضل الرحمن کابائیڈن سے بڑا مطالبہ 

Afghanistan,Kabul,US Forces,Afghan Peace Process,Molana Fazalurehman

پشاور:افغانستان میں امریکی شکست کے بعد مولانا فضل الرحمن کابائیڈن سے ایک اور بڑا مطالبہ بھی سامنے آگیا ۔

جمیعت علمااسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے نائن الیون کے بعد امریکہ کا نیو ورلڈ آرڈر ناکام ہو گیا ،افغانستان میں ناکامی کے بعد امریکہ عرب ممالک سے بھی اپنی فوجیں نکالے ،افغان صورتحال  پر اپنے ویڈیو بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نائن الیون کے بعد امریکہ نے افغانستان پر حملہ کیا ، امریکہ نے امارت اسلامیہ پر حملے کا جواز  ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر حملے کو بنایا  اور نائن الیون کا ذمہ دار اسامہ بن لادن اور القاعدہ کو قرار دیا۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا نائن الیون واقعہ کی تحقیقات ہونی چاہئے تھی ، تحقیقات کے بغیر افغانستان پر حملہ ناجائز تھا ، ہم بات چیت کا راستہ اختیار کرنے کے  حامی تھے، امریکہ نے اپنی طاقت کے نشے میں افغانستان پر اندھا دھند حملہ کیا، طاقت کے استعمال کے خلاف آواز اٹھانے  پر مجھے نظربند کیا گیا ، ہم افغانستان میں جنگ نہیں چاہتے تھے ، مگر جنگ ان پر مسلط کردی گئی تو پھر ہم نے انکے دفاع کا حق تسلیم کیا ،انکا کہنا تھا کہ طالبان دیگر افغان سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی جو کوشش کر رہے ہیں اسے کامیاب ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا  پورے افغانستان کو کنٹرول میں لینے اور مذاکرات میں ہو سکتا ہے کچھ وقت لگے ، امریکہ کو اب دنیا سے برابری کی سطح کی پالیسی کی طرف آنا چاہئے ،مولانا کا  کہنا  تھا کہ  ہم افغانستان اور فلسطین کے مسائل کے حل کیلئے حکمت عملی افغانیوں اور فلسطینیوں کو دینے کے قائل ہیں ،ہم طالبان کی حمایت ضرور کرتےہیں مگر وہاں کے فیصلوں پر انکا حق تسلیم کرتےہیں ،طالبان جس تدبر سے کام لے رہے ہیں امید ہے افغانستان میں امن آئے گا، جو حکومت انکے خلاف جنگ میں تھی طالبان نے انکو بھی معاف کردیا  ہے۔