فواد چوہدری کا شہباز گل پر مبینہ تشدد کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ

فواد چوہدری کا شہباز گل پر مبینہ تشدد کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے شہباز گل پر مبینہ تشدد کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہبازگل کے جسمانی ریمانڈ کے کیس پر تین گھنٹوں کے طویل دلائل دئیے گئے اور امید ہے کہ سیشن کورٹ سے اچھا فیصلہ آئے گا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ دوران حراست شہباز گل پر تشدد کیا گیا اور دوبارہ ریمانڈ کا مقصد بھی تشدد کر کے پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف بیان لینا ہے تاہم ججز انسانی حقوق کی حفاظت کیلئے ہوتے ہیں اور امید ہے کہ عدالت مزید تشدد کیلئے شہبازگل کو پولیس کے حوالے نہیں کرے گی۔ 
فواد چوہدری نے کہا کہ شہبازگل جو سب سے بڑی جماعت کے لیڈر کا چیف آف سٹاف تھا اس کو اٹھا لیا گیا، اس پر تشدد کیا گیا جس کی جوڈیشل انکوائری کی جائے، عمران خان پاکستان کا اثاثہ ہیں اور ان کی آواز پر پورے ملک میں لوگ اکٹھے ہوتے ہیں، پی ٹی آئی رہنماؤں کو اڈیالہ جیل میں شہبازگل سے ملنے سے روکاگیا۔ 
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ حسن نواز کے بجائے شہزاد اکبر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا گیا ہے جبکہ سوشل میڈیا مہم سے پی ٹی آئی کو جوڑنا غلط ہے۔

مصنف کے بارے میں