شہباز گل پر تشدد کر کے عمران خان کے خلاف بیان لینے کی کوشش کی جا رہی ہے: اسد عمر

شہباز گل پر تشدد کر کے عمران خان کے خلاف بیان لینے کی کوشش کی جا رہی ہے: اسد عمر

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاسد عمر نے کہا کہ شہباز گل پر تشدد کر کے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف بیان لینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ 
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ شہباز گل سے ملاقات ہوئی ہے، وہ ٹھیک ہیں جبکہ انہیں بتایا ہے کہ پارٹی لیڈر اور ورکر ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ شہباز گل پر اسلام آباد پولیس کی حراست میں تشدد کیا گیا اور ان پر جس بیان پر مقدمہ بنایا گیا ہے وہ براہ راست نشر ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فون کا بہانہ بنایا جا رہا ہے، فون تو اسی دن پولیس نے لے لئے تھے اور اب عمران خان کے خلاف بات نکلوانے کیلئے شہباز گل کا ریمانڈ مانگا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے شہباز گل پر مبینہ تشدد کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ بھی کیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ دوران حراست شہباز گل پر تشدد کیا گیا اور دوبارہ ریمانڈ کا مقصد بھی تشدد کر کے پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف بیان لینا ہے تاہم ججز انسانی حقوق کی حفاظت کیلئے ہوتے ہیں اور امید ہے کہ عدالت مزید تشدد کیلئے شہبازگل کو پولیس کے حوالے نہیں کرے گی۔ 

مصنف کے بارے میں