آئی سی سی میں 'بگ تھری' کے خاتمے کا عندیہ دے دیا

 آئی سی سی میں 'بگ تھری' کے خاتمے کا عندیہ دے دیا

کولمبو:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے بگ تھری کے خاتمے اور انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک مرتبہ پھر انتظامی تبدیلیوں کا عندیہ دیا ہے۔آئی سی سی نے ٹیموں کی تعداد بڑھانے کا عزم کیا ہے۔
چاہتے ہیں ٹاپ لیول کرکٹ میں 15،16 ٹیمیں کھیلیں۔ زیادہ سے زیادہ مسابقتی ٹیموں کو اعلی سطح پر کھیلنے کا موقع فراہم کرنا آئی سی سی کی حکمت عملی ہے۔ سری لنکا کرکٹ اورایشین کونسل کی دعوت پرکولمبو آنے والے رچرڈسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ٹاپ لیول کرکٹ میں 15،16 ٹیمیں کھیلیں۔
اس مقصدکوحاصل کرنے کیلئے ششانک منوہر کی زیرقیادت کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کی یہ حکمت عملی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ مسابقتی ٹیموں کو اعلی سطح پر کھیلنے کا موقع فراہم کرے، بہت وقت ہوگیا کہ ہمارے 10 فل ممبران ہیں لیکن اگر ہم ایمانداری سے جائزہ لیں تو 8 یا ممکنہ طور پر 9 ٹیمیں اعلی سطح پر کرکٹ کھیل سکتی ہیں، ہم اس تعداد کو بڑھاکر 15 سے 16 کرنا چاہیں گے، اس میں افغانستان، نیپال، ملائیشیا اور دیگر ایشین ریجن کے دیگر ممالک بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
نومبر2015 میں آئی سی سی چیئرمین بننے کے بعد ششانک منوہر نے تنقید کرتے ہوئے اس میں تبدیلی پرزوردیا تھا، انھوں نے بگ تھری کی اجارہ داری ختم کرکے ریونیو کی تقسیم کا نیافارمولا پیش کرنے کا کہا ہے۔رچرڈسن نے کہاکہ ہمیں پورا یقین ہے کہ موجودہ انتظامیہ کے تحت طاقت کی اس جنگ سے کھیل متاثر نہیں ہوگا، فنانشل ماڈل کی وجہ سے انٹرنیشنل گیم کچھ وقت کیلیے مشکل میں رہا تھا۔