ینگ ڈاکٹرز ہڑتال پر: جنرل ہسپتال میں میڈیکل آفیسرز کی بھرتی کیلئے رش

ینگ ڈاکٹرز ہڑتال پر: جنرل ہسپتال میں میڈیکل آفیسرز کی بھرتی کیلئے رش

لاہور : جنرل ہسپتال میں میڈیکل آفیسرز کی خالی آسامیوں پر بھرتی کے خواہش مند آج واک ان انٹرویوز شروع ہوتے ہی ایڈمن بلاک پہنچ گئے۔ علی الصبح ہسپتال پہنچنے والے سینکڑوں امیدوار، جنہوں نے روشن مستقبل کی امیدیں باندھتے ہوئے ہسپتال کا رخ کیا تھا۔ انہیں ہستپال انتظامیہ کی جانب سے بھی مایوس نہیں کیا گیا۔ انٹرویوز کا سلسلہ حکومت پنجاب کے قواعد و ضوابط کی روشنی میں نہ صرف بروقت شروع ہوا۔ بلکہ اس سے امیدوار بھی مطمئن دکھائی دئیے۔

لاہور جنرل ہسپتال میں ڈاکٹر کے طور پر اپنے کیر ئیر کے آغاز کے خواہشمندوں کو پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب اور میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام صابر نے واضح کیا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور محکمہ صحت پنجاب کے وضع کردہ قواعد و ضوابط کی روشنی میں میرٹ پر پورا اترنے والوں کو ہی بھرتی کیا جائے گا۔ انٹرویوز کے بعد امیدواروں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میںکہا کہ انہیں اتنی جلدی اور بغیر کسی سفارش کے سرکاری ملازمت ملنے کی توقع نہیں تھی۔ تاہم درخواستیں جمع کروانے کے عمل سے لے کر انٹرویوز دینے تک ہمیں شفاف نظام دیکھ کر خوشی حاصل ہوئی ہے۔اور قوی امید ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہماری محنت رنگ لائے گی اور ہم میں سے جو بہتر ہوں گے، ان کو ملازمتیں بھی مل جائیں گی۔

امیدواروں نے سفارش سے پاک شفاف نظام اور بہترین سہولیات کی فراہمی پر حکومت پنجاب اور ہسپتال انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اگران کو خدمت کا موقع ملا تو وہ دلجمعی سے مریضوں کے علاج معالجہ کے علاوہ ملک و قوم اور انسانیت کی خدمت کریں گے۔واضح رہے کہ واک ان انٹرویوز کا سلسلہ کل سوموار کوبھی جاری رہے گا۔

مصنف کے بارے میں