وزارتِ داخلہ کو ناکام قرار دینا غیر منصفانہ ہے, مریم اورنگزیب

وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 8 اگست کو کوئٹہ ہسپتال پر ہونے والے حملے کی وجہ سے وزارتِ داخلہ کو ناکام قرار دینا غیر منصفانہ ہے۔

 وزارتِ داخلہ کو ناکام قرار دینا غیر منصفانہ ہے, مریم اورنگزیب

اسلام آباد:  وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 8 اگست کو کوئٹہ ہسپتال پر ہونے والے حملے کی وجہ سے وزارتِ داخلہ کو ناکام قرار دینا غیر منصفانہ ہے۔سپریم کورٹ کے قائم کردہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے استعفے کے مطالبات پر ایک انٹرویو میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ ناممکن ہے کہ اتنے مختصر وقت میں حکومت کوئی پالیسی وضع کرکے اس پر عملدرآمد کرے اور اس کے نتائج بھی سامنے آجائیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسی کے نتائج سامنے آنا شروع ہوچکے ہیں لیکن ایک واقعے کی وجہ سے پوری وزارت کی صلاحیت کو نظرانداز کرنا ناانصافی ہے۔وزیراطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ جن شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے انہیں وقت کے ساتھ درست کردیا جائے گا اور وزارت سسٹم میں موجود خلا سے اچھی طرح واقف ہے۔مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نواز شریف کے وژن کو حقیقت بنانے کے لیے دن رات مصروف عمل ہے ،وزیر اطلاعات و نشریات کے مطابق اس طرح کی رپورٹس سیکھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں اور معاملات کی اہمیت بڑھاتی ہیں۔