اگر خیبر پختونخوا میں میری کرپشن نکلی تو سیاست چھوڑ دوں گا، عمران خان

اگر خیبر پختونخوا میں میری کرپشن نکلی تو سیاست چھوڑ دوں گا، عمران خان

اوکاڑہ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی تنقید کا مقصد 300 ارب روپے کی کرپشن بچانا ہے، نواز شریف اپنے اور میرے مقدمے کا موازنہ نہیں کریں، میں کبھی حکومت میں نہیں رہا جب کہ کرپشن حکومت میں رہ کر کی جاتی ہے؟ خیبر پختونخوا میں آکر میری کرپشن پوچھی جائے اگر کرپشن نکلی تو سیاست چھوڑ دوں گا۔
اوکاڑہ کے فٹبال گراونڈ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے عدلیہ کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے، گیدڑ کبھی تحریک نہیں چلا سکتے،میں ان سے پوچھتا ہوں کہ انہوں نے کبھی زندگی میں کوئی تحریک چلائی ہے؟ عمران خان نے کہا کہ کیا ن لیگ نے اس وقت تحریک چلائی جب پرویز مشرف نے نواز شریف کو قید کردیا تھا؟ نواز شریف معاہدہ کرکے باہر چلے گئے لیکن تحریک چلائی کسی نے؟

عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اپنی نااہلی کیس کے دوران انہوں نے 60 دستاویزات پیش کیں جبکہ نواز شریف نے اپنے کیس میں صرف ایک قطری کا خط پیش کیا جو کہ ایک فراڈ تھا۔اگر آج عدالت نواز شریف کو بری کردے تو نوازشریف اسی عدالت کی تعریف کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ امپائرز کو بھی بلالیں اس کے باوجود نوازشریف کو شکست دیں گے، ہر کرپٹ سیاستدان نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہے۔

کوئٹہ میں چرچ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قائد اعظم نے جدوجہد اس لیے کی کہ پاکستان میں اقلیتوں کو بھی انصاف ملے گا، ان کا بنایا ہوا پاکستان ہندوستان سے بہت بہتر ہے جہاں اقلیتوں کے ساتھ کیا کچھ ہور ہا ہے، ہم سب کو عہد کرنا ہوگا کہ اقلیتوں کو برابر کا شہری بنائیں گے۔

عمران خان نے الزام عائد کیا کہ ن لیگ جسٹس عبدالقیوم والی عدلیہ چاہتی ہے جسے شہباز شریف فون پر فیصلے لکھواتے تھے۔شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آپ کا ڈرامہ اب ختم ہوچکا ہے، لوگ آپ کو سمجھ چکے ہیں، ہم شہبازشریف کیخلاف نیب میں جائیں گے،انکے خلاف نئی چیزیں آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی شریف خاندان کی غلامی کررہے ہیں۔، خواجہ سعد رفیق سے بھی پوچھوں گا تمہارے پرائزبانڈ کیسے نکلتے تھے؟ خواجہ آصف سے بھی 15 لاکھ روپے جو دبئی سے لیتے ہیں اس کا پوچھوں گا۔

۔