سعودی عرب نے امریکی سینیٹ کی قرارداد کو مسترد کر دیا

سعودی عرب نے امریکی سینیٹ کی قرارداد کو مسترد کر دیا
کیپشن: اندرونی معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت کو مسترد کرتے ہیں، سعودی وزارت خارجہ۔۔۔۔فوٹو/ آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

ریاض: سعودی عرب نے امریکی سینیٹ کی قرارداد کو اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دے کر مسترد  کر دیا۔ امریکی سینیٹ نے سعودی ولی عہد کو جمال خاشقجی کے قتل کا ذمہ دار قرار دیا تھا اور امریکی انتظامیہ سے یمن جنگ میں سعودی حکومت کے ساتھ فوجی تعاون ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

اس موقف پر سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ جھوٹے الزامات پر مبنی امریکی سینیٹ کی قرارداد کی مذمت کرتے ہیں ۔سعودی وزارت خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعودی عرب کے اندرونی معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت کو مسترد کرتے ہیں۔

ترکی میں سعودی قونصل خانے میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سے امریکا سمیت دنیا بھر میں سعودی حکومت اور ولی عہد محمد بن سلمان کی مخالفت میں شدید اضافہ ہوا ہے اور امریکا پر سعودی عرب کی غیر مشروط حمایت سے دستبردار ہونے کے لیے کافی دباؤ ہے۔

دوسری طرف ٹرمپ انتظامیہ نے دو ٹوک الفاظ میں موجودہ سعودی حکومت کی حمایت سے دست برادر ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کا ذمہ دار ولی عہد محمد بن سلمان کو قرار نہیں دیا جا سکتا۔