امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے

امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے
کیپشن: زلمے خلیل زاد نے طالبان سمیت دیگر فریقین سے ملاقاتیں کی ہیں، ترجمان امریکی سفارتخانہ۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کابل: امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے۔ امریکا نے پاکستان کے تعاون سے ہونے والے امریکا طالبان مذاکرات کا خیر مقدم کیا ہے۔

افغانستان میں ترجمان امریکی سفارتخانے نے وائس آف امریکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا، پاکستانی حکومت کی طرف سے تعاون بڑھانے کے کسی بھی اقدام بشمول طالبان، افغان حکومت اور دیگر افغانوں کے درمیان مذاکرات کا خیر مقدم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے طالبان سمیت دیگر فریقین سے ملاقاتیں کی ہیں اور افغان مسئلے کے حل کے لیے وہ یہ ملاقاتیں جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خط لکھا تھا جس میں پاکستان سے افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے تعاون مانگا گیا تھا جس کے جواب میں وزیراعظم نے کہا تھا ہم افغانستان میں امن لانے کے لیے خلوص کے ساتھ پوری کوشش کریں گے۔