فیصل رضا عابدی پر فرد جرم عائد

فیصل رضا عابدی پر فرد جرم عائد
کیپشن: عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہوں کو طلب کر لیا۔۔۔۔۔۔فوٹو/ آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان کے خلاف شرانگیز انٹرویو کے معاملے پر انسداد دہشت گردی عدالت نے فیصل رضا عابدی پر فرد جرم عائد کر دی۔چیف جسٹس پاکستان کے خلاف ویب چینل کو شرانگیز انٹرویو دینے کے معاملے پر اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی میں سماعت ہوئی اور اس سلسلے میں فیصل رضا عابدی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے فیصل رضا عابدی پر فرد جرم عائد کر دی تاہم ملزم نے صحت جرم سے انکار کر دیا جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہوں کو طلب کر لیا۔

فیصل رضا عابدی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ان مؤکل کی طبیعت ناساز ہے اسے اسپتال منتقل کیا جائے۔وکیل کی استدعا پر عدالت نے فیصل رضا عابدی کا دوبارہ طبی معائنہ کرانے کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ فیصل رضا عابدی کو 10 اکتوبر کو اسلام آباد سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد واپس جا رہے تھے۔

فیصل رضا عابدی کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ میں پولیس افسر کی مدعیت میں اس کی شہرت کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج ہے اور اسی مقدمے میں انہیں گرفتار کیا گیا۔