30 مارچ تک پتہ چل جائے گا کہ عمران خان اناڑی ہے یا کھلاڑی: شیخ رشید

30 مارچ تک پتہ چل جائے گا کہ عمران خان اناڑی ہے یا کھلاڑی: شیخ رشید

راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ قوم نے انصاف کے لیے عمران خان کو ووٹ دیا ہے، اللہ تعالی عمران خان کو ملک کو لوٹنے والوں کے خلاف کامیاب کریں گے۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسا شخص اقتدار میں آیا ہے جو کرپٹ نہیں ہے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کہتا تھا کہ میں قومی اسمبلی نہیں پہنچ سکتا جبکہ میں نے کہا تھا کہ نواز شریف نہیں ہو گا مگر میں ضرور قومی اسمبلی کا حصہ بنوں گا۔ آصف زرداری جو سندھ میں نکلے ہوئے ہیں انہیں تصویر نظر آنا شروع ہو گئی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ تیس مارچ تک پتہ چل جائے گا کہ عمران خان اناڑی ہے یا کھلاڑی، راولپنڈی سے اسلام آباد تک دو طرفہ سڑک نکالیں گے جس پر بیس روپے ٹول ٹیکس رکھیں گے۔ لئی ایکسپرس وے سواں سے پشاور تک جائے گی جس کے دونوں اطراف میں سپر مارکیٹ بنائیں گے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ دوہری شہریت کے معاملہ پر سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کو خطرہ ہے۔ ٹیکس کی صورت میں ملک کو جو سزا مل رہی ہے یہ گزشتہ حکمرانوں کا کارستانی ہے۔