شیخ رشید شاہد خاقان عباسی کیخلاف نیب کے گواہ بن گئے

شیخ رشید شاہد خاقان عباسی کیخلاف نیب کے گواہ بن گئے
کیپشن: شيخ رشيد شاہد خاقان کے خلاف احتساب عدالت میں نيب کے پہلے گواہ ہوں گے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: ایل این جی کیس ميں بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔ نیب نے وزیر ريلوے شیخ رشید کو سابق وزيراعظم شاہد خاقان عباسی کےخلاف گواہ بنا لیا۔ شيخ رشيد ايل اين جی کيس ميں ليگی رہنما شاہد خاقان کے خلاف احتساب عدالت میں نيب کے پہلے گواہ ہوں گے۔ ایل این جی ریفرنس میں نیب گواہان کی فہرست کے مطابق استغاثہ کی جانب سے مجموعی طور پر 59 گواہان عدالت میں پیش کيے جائيں گے جن ميں وزارت توانائی کے 4 افسران بھی شامل ہيں۔

گواہوں کی فہرست ميں وزارت توانائی کے محمد حسن بھٹی، نواز ورک، عبدالرشید جوکھیو اور عمر سعید بھی شامل ہیں، قائمقام جنرل منیجر سوئی سدرن گیس فصیح الدین اور ڈائریکٹر پوسٹ قاسم اتھارٹی جمیل اجمل بھی استغاثہ کے گواہ ہوں گے۔

شیخ رشید کئی بار شاہد خاقان پر کرپشن کے الزامات اور مناظرے کا چیلنج دے چکے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی پر بطور وزیرِ پیٹرولیم ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ مبینہ طور پر من پسند کمپنی کو دينے کا الزام ہے۔ نیب کے مطابق ٹھیکے سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔