عالمی وبا کے وار جاری، پاکستان میں چوبیس گھنٹے میں مزید 71 افراد جاں بحق

Global epidemic continues, killing 71 more people in Pakistan in 24 hours
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں عالمی وبا کے وار جاری ہیں۔ ملک بھر سے حاصل کئے گئے ڈیٹا کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید اکہتر مریض اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

حکومت کی جانب سے ایس ا و پیز پر عمل کرنے اور کرانے میں سنجیدگی کا فقدان نظر آ رہا ہے جبکہ صوبہ پنجاب میں کورونا مریضوں کا ڈیٹا آگے پیچھے کرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ حکومتی مشورے تو اچھے لیکن عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آ رہے۔

ادھر نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق کراچی عالمی وبا کے مثبت کیسز کی شرح میں سب سے آگے ہے۔ پاکستان میں وبائی مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 48 ہزار 522 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران عالمی وبا 2 ہزار 545 نئے کیسز سامنے آنے سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 9 ہزار 80 ہو گئی ہے۔

ملک بھر سے حاصل کئے گئے حالیہ اعدادوشمار کے مطابق 4 لاکھ 48 ہزار 522 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ان میں سے 2505 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ اس وقت اسلام آباد میں 35441، صوبہ پنجاب میں 129291، صوبہ سندھ میں 199706، خیبر پختونخوا میں 53609، بلوچستان میں 17838، آزاد کشمیر میں 7833 اور گلگت بلتستان میں 4804 مریض زیر علاج ہیں۔

گزشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ایک اہم پریس کانفرنس میں پاکستان میں عالمی وبا کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کیسز اور اموات میں روز بروز اضافے سے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عوام کو چاہیے کہ وہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کریں تاکہ اس وبا سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی وبا سے بچنے کیلئے سماجی فاصلہ رکھنا اور ماسک کا استعمال انتہائی ضروری ہے۔