نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ کیلئے 15 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان

15-member national cricket team announced for first T20 match against New Zealand
کیپشن: فائل فوٹو

کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کیلئے 15 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کا اعلان کپتان شاداب خان نے کیا۔

قومی سکواڈ میں کپتان شاداب خان، عبداللہ شفیق، حیدر علی، سرفراز احمد، محمد حفیظ، شاہین شاہ آفریدی، حسین طلعت، وہاب ریاض، محمد رضوان، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حسنین اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان شاداب خا کا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ پاکستان کی قیادت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ تاہم بابر اعظم کی کمی ضرور محسوس ہوگی۔

شاداب خان کا کہنا تھا کہ بابراعظم کی عدم موجودگی نئے کھلاڑیوں کیلئے صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے، انہوں نے کہا کہ میں بھی بابر اعظم کی طرح جارحانہ کپتانی کرنے کا عادی ہوں۔

گزشتہ روز شاداب خان نے پریکٹس کے دوران باؤلنگ اور بیٹنگ کرکے مکمل صحتمند ہونے کا ثبوت دیا تھا جس کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے ان کی فٹنس پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عندیہ دیدیا تھا کہ وہی پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب نوجوان آل راؤنڈر شاداب خان کو قومی ٹیم کی قیادت کرنے کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہ اعزاز پی سی بی اور ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے ان پر اعتماد کا اظہار ہے۔ اب شاداب خان اس اعتماد پر کتنا پورا اترتے ہیں؟ یہ وقت ہی بتائے گا۔

ادھر قومی کپتان بابر اعظم کی بات کی جائے تو دورہ نیوزی لینڈ کے دوران پریکٹس کرتے ہوئے ان کا انگوٹھا زخمی ہو گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے انھیں مکمل صحتیابی تک کھیل سے دور رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے آرام کی ہدایت کی ہے۔