بھارت نے 116 ملکوں میں پاکستان مخالف پروپیگنڈہ کیا ، مراد سعید

بھارت نے 116 ملکوں میں پاکستان مخالف پروپیگنڈہ کیا ، مراد سعید
سورس: سکرین شارٹ

اسلام آباد، وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے حکومت سے این آر او مانگا تھا لیکن  جب این آر او نہیں ملا تو یہ سب اکٹھے ہوکر سڑکوں پر آگئے ہیں ۔ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ سینیٹ کا الیکشن کسی قسم کی چمک دمک کے بغیر اورشفاف ہو۔

ایک شخص اشتہاری ہوکر لندن بیٹھا ہوا ہے اور وہاں سے ہدایات دےرہا ہے ۔ انہوں نے کشمیری بھائی بہنوں کی آواز پر کچھ نہیں کیا ۔ کلبھوشن کو پکڑا لیکن اس کا عالمی سطح پر اقرار نہ کیا جس کا نقصان پاکستان کو ہوا ۔ پاکستان کے خلاف بھارت 15 سال سے پروپیگنڈہ کررہا ہے اور پاکستانی کاز کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت جعلی این جی اوز کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کے خلاف احتجاج اور مظاہرے کرتار ہا ۔یورپی یونین کی رپورٹ کی بدولت بھارت اس معاملے میں بری طرح بے نقاب ہوچکا ہے ۔  عمران خان نے پوری دنیا میں کشمیر کا مقدمہ لڑا ہے ۔ بھارت دنیا بھر میں دہشتگردی کرتا رہا اور اس کا الزام پاکستان پر لگتا رہا لیکن سابق حکومت نے اس پر کچھ نہیں کیا ۔ 

وزیرمواصلات کا کہناتھا پی ٹی آئی حکومت آنے کے بعد پاکستان دنیا بھر میں سیاحت کے لئے جانے لگا ۔عمران خان نے آکر آر ایس ایس کے فلسفے کو ایکسپوز کیا ۔ بھارتی سازشوں کو بے نقاب کیا گیا ہے ۔ بھارت اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہیں آیا لیکن ہماری حکومت کی پالیسیوں نے اس کے پروپیگنڈے کو ایکسپوز کردیا ہے ۔ آج دنیا بھر میں بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے ۔ عمران خان کشمیر کی آواز بنے ہیں انہوں ںے اسلام کا مقدمہ لڑا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے لوگ ہیں جو بیرونی طاقتوں کے ایماء پر پاکستان کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلاتے ہیں ۔ پی ڈی ایم کے کسی بھی رہنما نے بھارتی پروپیگنڈے پر کوئی بات نہیں کی ۔ بھارتی فیک سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے خبر آتی ہے اور اس جعلی خبر کو پھیلایا جاتا ہے اس پروپیگنڈے کو پھیلانے میں ہمارے اپنے بھی لوگ شامل ہیں ۔ 

سی پیک ،کشمیر ،بلوچستان ،جی بی ،کراچی کے ایشوز پر بھارت کی طرف سے پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے اور اس پروپیگنڈہ کو فروغ دینے میں ہمارے لوگ بھی شامل ہیں ۔ سوشل میڈیا کے جعلی اکاؤنٹس سے ہمارے لوگ بھی جڑے ہوئے ہیں کچھ کو پتہ نہیں ہے اور کچھ جان بوجھ کر پروپیگنڈہ کا ساتھ دے رہےہیں ۔ 

مرادسعید نے کہا کہ ہمیں جاننا چاہئے کہ جو بھی ٹرینڈچل رہے ہیں کیا وہ پاکستان کے خلاف تو نہیں ہیں ۔ ہمیں پاکستان کے اندر جتنی بھی پروپیگنڈہ مہم چلائی جارہی ہیں ہمیں اس کا جواب دینا چاہئے ۔