الیکشن کمیشن کا 8 حلقوں میں ضمنی انتخابات کرانے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن کا 8 حلقوں میں ضمنی انتخابات کرانے کا فیصلہ
کیپشن: الیکشن کمیشن کا 8 حلقوں میں ضمنی انتخابات کرانے کا فیصلہ
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں میں قومی اسمبلی کی 2 جبکہ صوبائی اسمبلی کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخابات کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں کو ایس او پیز کے مطابق ضمنی انتخابات کی تیاریوں کے احکامات دے دئیے ہیں۔

جمعرات کے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ایک اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن آف پاکستان سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن ، سیکرٹری الیکشن کمیشن ، سئینر رہنما پی پی پی تاج حیدر اور الیکشن کمیشن کے افسران نے شرکت کی۔ سندھ حکومت کے مشیر قانون جبکہ مرتضیٰ وہاب اور سندھ حکومت کے دیگر نمائندگان نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا کہ اس وقت پورے ملک میں 8 حلقوں پر ضمنی انتخابات زیر التوا ہیں جن میں 6 صوبائی اور 2 قومی اسمبلی کی نشستیں شامل ہیں جن کی تفصیل کچھ اس طرح سے ہے۔ بلوچستان اسمبلی کی 1 ، سندھ اسمبلی کی 3، پنجاب اسمبلی کی 1 اور خیبر پختونخواہ اسمبلی کی 1 نشست شامل ہے جبکہ قومی اسمبلی کےلئے پنجاب اور خبیر پختونخواہ سے ایک ایک نشست خالی ہے۔ ان تمام حلقہ جات پر ضمنی انتخابا ت کا انعقاد وبا کی وجہ سے نہیں ہو سکا تھا۔

تاج حیدر نے بیان کیا کہ آئین پاکستان اور قانون کے تحت کسی بھی انتخابی حلقے کی خالی نشست پر 60 دن کے اندر الیکشن کروانا ہوتا ہے۔ انہوں نے اس بات کی طرف توجہ مبذول کروائی کہ سینیٹ کے انتخابات کے لئے تمام صوبائی اسمبلیاں اور قومی اسمبلی الیکٹورل کالج ہے اور اگر یہاں انتخابات نہ کروائے گئے تو الیکٹورل کالج نامکمل رہے گا اور ان حلقوں پر ضمنی انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے ان حلقوں کے عوام کی نمائندگی نہیں ہو پائے گی۔