ون ڈے سیریز ملتوی ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز سکواڈ وطن روانہ ہو گیا

ون ڈے سیریز ملتوی ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز سکواڈ وطن روانہ ہو گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاکستان کے دورے پر آئی ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے 14 کھلاڑی اور آفیشلز ون ڈے سیریز ملتوی ہونے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کرکٹ سکواڈ میں شامل چند کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کے اراکین کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز جون 2022ءتک ملتوی کی گئی ہے جس کے بعد ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی آج وطن روانہ ہوگئے ہیں۔

 وطن واپس روانہ ہونے والے کھلاڑیوں اور آفیشل کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے تھے جبکہ جن کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے وہ قرنطینہ کی مدت پوری کرنے کے بعد واپس روانہ ہوں گے۔ 

یاد رہے کہ کورونا کے کیسز سامنے آنے کے بعد ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم 14کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریزکھیلنے کو تیار نہیں تھی اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مہمان ٹیم کو سیریز کھیلنے پر قائل کرنے کی کوششوں میں مصروف تھا۔ 

ویسٹ انڈیز ٹیم کے کل 21 کھلاڑی دورہ پاکستان کیلئے آئے تھے جن میں سے 6 کھلاڑی کورونا کا شکار ہوئے جبکہ ایک ویسٹ انڈین پلیئر انجری کے باعث دورے سے باہر ہوا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز ہفتہ 18 دسمبر سے کراچی میں ہی شروع ہونی تھی جو اب جون 2022ءتک ملتوی کر دی گئی ہے۔