آنے والے دنوں میں لوگوں کو کوئلہ اور لکڑیاں بھی نہیں ملیں گی، سعید غنی

 آنے والے دنوں میں لوگوں کو کوئلہ اور لکڑیاں بھی نہیں ملیں گی، سعید غنی
کیپشن: آنے والے دنوں میں لوگوں کو کوئلہ اور لکڑیاں بھی نہیں ملیں گی، سعید غنی
سورس: فائل فوٹو

کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات سعید غنی نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں کوئلہ اور لکڑیاں بھی نہیں ملیں گی کیونکہ ہم پر نالائق اور نا اہل حکومت مسلط کر دی گئی ہے۔

پی پی کراچی کے صدر سعید غنی نے یہ بات ضلع شرقی کے علاقے لسبیلہ پر پارٹی کے زیر اہتمام منعدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے علاوہ کوئی پارٹی ایسی نہیں ہے جو پورے ملک میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کر رہی ہو۔ کہتے تھے کہ دنیا بھر سے لوگ یہاں نوکریاں ڈھونڈنے آئیں گے لیکن یہاں کے لوگ آج گیس ڈھونڈ رہے ہیں اور 50 لاکھ گھر اور نوکریاں دینے کا دعویٰ کرنے والے نے گھر اور نوکریاں چھین لی ہیں۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی حکومتیں چور تھیں لیکن عجیب چور حکومتیں تھیں کہ جن میں سب کچھ سستا تھا۔ عمران خان نے یہ بات صحیح کہی تھی کہ ڈالر مہنگا ہو تو وزیراعظم چور ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 22 کروڑ عوام کی زندگیاں اجیرن کردی ہے۔ ایک ٹولہ ایسا بھی ہے جو خود کو کراچی کا ٹھیکیدار سمجھتا ہے۔

پی پی رہنما شرمیلا فاروقی نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گیس سندھ میں پیدا ہوتی ہے لیکن صوبے کو کم گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ احتجاج کے ذریعے آواز بنی گالا تک پہنچانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  جیالے اپنی جدوجہد کے ذریعے ملک سے اس نااہل حکومت کا خاتمہ کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ریر اہتمام گیس بحران کے خلاف شہر قائد کے مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں جس میں پارٹی رہنماؤں کے علاوہ کارکنان شریک ہیں۔ مظاہرین نے بینرز اورپلے کارڈز بھی اٹھا رکھے ہیں۔

ضلع وسطی میں لیاقت آباد دس نمبر، ضلع ملیر میں پریس کلب، ضلع جنوبی میں میری ویدر ٹاور، ضلع کورنگی میں سوئی سدرن آفس اور ضلع غربی میں بلدیہ ٹاون 24 مارکیٹ پر احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں جن سے پارٹی رہنما خطاب کر رہے ہیں جب کہ کارکنان احتجاجی نعرے لگا رہے ہیں۔