ایف بی آر نے قومی کرکٹرز کے گرد بھی گھیرا تنگ کر دیا

ایف بی آر نے قومی کرکٹرز کے گرد بھی گھیرا تنگ کر دیا

لاہور : ایف بی آر نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کھلاڑیوں ،کوچز اورمینجمنٹ سمیت تمام اعلیٰ افسران کے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کر لیں۔ایف بی آر نے انکم ٹیکس سال 2016-17کی تفصیلات کیساتھ ساتھ کھلاڑیوں اور سٹاف کے ذرائع آمدن کی تفصیلات بھی مانگی ہیں۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق تفصیلات ملنے کے بعداثاثہ جات کے جائزہ کیلئے سب سے پہلے فائلر اور نان فائلر کا تعین کیا جائے گا کہ کون کون سے کھلاڑی رجسٹرڈ ہیں اور کون سے غیر رجسٹرڈ۔ غیر رجسٹرڈ کھلاڑیوں کو قوانین کے مطابق رجسٹرڈ کیا جائے گا اور ان کے اثاثہ جات کو دیکھتے ہوئے ٹیکس وصول کیا جائے گا۔یہ تمام کارروائی کرنے کے بعد کھلاڑیوں کے ذرائع آمدن ، کتنا ٹیکس ادا کیا اور کتنا چوری کیا کا تعین ہوگا۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے تفصیلات کی فراہمی کے بعد خفیہ ذرائع سے بھی تحقیقات کی جائیں گی اور اگر کسی نے اثاثے چھپائے ہوئے تو انہیں بھی منظر عام پر لایا جائے گا۔یاد رہے کہ ایف بی آر کی جانب سے یہ کارروائیاں عرصہ سے جاری ہیں جن کی زد میں آکر کئی گلوکار اور اداکار اپنے بینک اکاؤنٹس بند کروا چکے ہیں۔