آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی حکمت عملی کی ازسرنو تشکیل کی ضرورت ہے, پرویز خٹک

 آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی حکمت عملی کی ازسرنو تشکیل کی ضرورت ہے, پرویز خٹک

اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے تحریک انصاف کی اعلی قیادت کی کارکردگی کو تباہ کن قرار دیدیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سربراہی میں پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پارٹی رہنماؤں پر پھٹ پڑے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پرویزخٹک نے پارٹی قائدین کی کارکردگی کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان بڑے بڑے جلسے کرتے ہیں لیکن ان جلسوں کو پھر کوئی نہیں سنبھالتا۔

ذرائع نے بتایا کہ پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان پارلیمنٹ اور وزراء حلقوں میں لوگوں کے مسائل حل نہیں کرتے، حلقوں میں جانے کے بجائے ذاتی مصروفیات میں مشغول رہتے ہیں، عمران خان لوگوں کواکٹھا کرتے ہیں اور پارٹی رہنما لوگوں کو بکھیر دیتے ہیں۔

ذرائع تحریک انصاف نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو علاقائی سیاست کے محرکات کا علم ہی نہیں، آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی حکمت عملی کی ازسرنو تشکیل کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں کو سکھانا پڑے گا کہ مقامی سیاست ہوتی کیا ہے؟