محمد بن سلمان کی پاکستان آمد،ڈبل سواری پر پابندی،میٹرو بس سروس معطل،دفعہ 144 نافذ

محمد بن سلمان کی پاکستان آمد،ڈبل سواری پر پابندی،میٹرو بس سروس معطل،دفعہ 144 نافذ
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد:سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کے موقع پر دو روز کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے لیے سخت ترین سکیورٹی انتظامات کاسلسلہ جاری ہے۔

اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 17 اور 18 فروری کو ہو گا جس میں مخصوص علاقے شامل کیے گئے ہیں۔

موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق ریڈ زون، مری روڑ، فیض آباد سے بارہ کہو، ایکسپریس ہائی وے، بلیوایریا اور کشمیر ہائی وے سے ڈھوکری چوک تک ہو گا۔ان دو دنوں کے درمیان پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت کاروائی کی جائے گی۔محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر واکنگ ٹریلز بند اور میٹرو بس سروس کا روٹ بھی محدود کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ نے عارضی طور پر ٹریل ٹو، تھری، فائیو اور سید پور ویلج ٹریل کو بند کرنے کا فیصلہ کیا۔اسلام آباد انتظامیہ نے ریڈ زون میں بھی شہریوں کے داخلہ پر پابندی عائد کر رکھی ہے جب کہ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے غیرضروری سفرسے اجتناب کی درخواست کی ہے۔

دو روز قبل اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سعودی سفارت خانے کے حکام کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی تھی جس کے تحت پولیس اور رینجرز کے دو ہزار سے زائد اہلکار اسلام آباد میں تعینات کیے گئے ہیں۔سعودی وفد کی سکیورٹی کے فرائض ٹرپل ون بریگیڈ سر انجام دے رہا ہے۔ اس کے علاوہ رینجرز اور بم ڈسپوزل سکواڈ بھی سکیورٹی ٹیم کا حصہ ہیں۔