محمد بن سلمان کے تاریخی دورے کیلئے پرعزم ہیں:وزیراعظم عمران خان

محمد بن سلمان کے تاریخی دورے کیلئے پرعزم ہیں:وزیراعظم عمران خان
کیپشن: فوٹو سوشل میڈیا

اسلام آباد:وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان آمدسے قبل پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد بن سلمان کے تاریخی دورے کیلئے پرعزم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہناتھا کہ سعودی عرب کے ساتھ طویل سفارتی اقتصادی اور سماجی تعلقا ت ہیں ، ولی عہد کا دورہ باہمی اعتماد سے بھر پور تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔

عمران خان کا کہناتھا کہ سعودی عرب ہمارے دل کے قریب ہے ، اقتصادی تعلقات سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع کھلیں گے اور تین ارب ڈالر کی ادائیگی پر سعودی عرب کے شکر گزار ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا  کہ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کی،سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ تعلقات چاہتے ہیں جبکہ سعودی عرب کے پاس سرمایہ اور تیل کے ذخائر ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے پاس ہنرمند افرادی قوت اور ٹیکنالوجی ہے،معاشی اصلاحات سے جلدمسائل پر قابو پالیں گے،معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے چین،سعودی عرب اور یواے ای نے تعاون کیا،سعودی عرب،یمن اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کریں گے،حکومت "اسٹیٹس کو"ختم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ ماضی میں بے انتہا قرضے لیے گئے،اداروں کو تباہ کیاگیا،محمدبن سلمان اور میرا کرپشن کے خلاف مؤقف ایک ہی ہے۔


وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ سعودی ولی عہد کا پاکستان کا یہ تاریخی دورہ ہے،دورے سے دونوں ملکوں کے تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ جائیں گے،دونوں ملکوں کے درمیان نئے اقتصادی باب کا آغاز ہو گا،سعودی عرب پاکستان میں توانائی کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کرے گا جبکہ پاکستان میں توانائی کی مد میں درآمدات سب سے زیادہ ہیں۔

خیال رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے استقبال کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں ، انہیں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی جبکہ پاک فضائیہ کا دستہ سلامی پیش کرے گا اس کے علاوہ انہیں گارڈ آ ف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔

سعودی ولی عہد کو پاکستان کے اعلیٰ سول اعزاز سے بھی نوازا جائے گا جبکہ عمران خان اور ولی عہد کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہو گی۔