باکسر عامر خان اور ان کی اہلیہ بھی ''پارٹی گرل'' کی ویڈیو کے دیوانے

Boxer Aamir Khan and his wife are also crazy about
کیپشن: فائل فوٹو

لندن: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم نے ''پارٹی گرل'' کی ویڈیو سے متاثر ہو کر سوشل میڈیا پر اپنی بھی ایک ویڈیو پوسٹ کر دی ہے جسے بہت پسند کیا جا رہا ہے۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عامر خان اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم گاڑی میں سفر کر رہے ہیں، اسی دوران موبائل کیمرے سے بنائی گئی اس ویڈیو میں فریال مخدوم اپنے شوہر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ میں ہوں اور یہ میرے ہسبنڈ ہیں اور ہم دونوں لاک ڈاؤن میں پاگل ہو رہے ہیں۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کی وجہ سے لندن میں گزشتہ کافی عرصے سے لاک ڈاؤن ہے، لوگوں کو ان پابندیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، اس بات کا ذکر فریال مخدوم نے اپنی ویڈیو میں پارٹی گرل کا سٹائل اپناتے ہوئے کیا ہے۔

عامر خان کی اہلیہ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شیئر کی گئی اس ویڈیو کو لوگ بہت پسند کر رہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق چند سیکنڈ کی اس ویڈیو کو لوگ ہزاروں بار دیکھ اور شیئر کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ پشاور سے تعلق رکھنے رکھنے والی ویڈیو بلاگر دنانیر مبین اپنی ایک ویڈیو کی بدولت دنیا بھر میں مقبول ہو چکی ہیں۔

دنیا بھر میں اردو سمجھنے اور بولنے والے افراد اس ویڈیو کو لاکھوں بار دیکھ چکے ہیں۔ اس پانچ سیکنڈ کی ویڈیو پر  ہزاروں میمز  بن چکی ہیں جبکہ کھیلوں اور شوبز سے جڑی شخصیات بھی اس طرز کی ویڈیو بنا کر اسے سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں۔

دنانیر مبین اب تک پاکستان کے درجنوں ویب چینلز اور ٹی وی چینلز کو انٹرویو دے چکے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ ویڈیو محض تفریح کیلئے بنائی تھی وہ مستقبل میں بھی اپنے پاکستانیوں کو خوش کرتی رہیں گی۔