احسان اللہ احسان نے ملالہ یوسفزئی کو دوبارہ قتل کرنیکی دھمکی دیدی

Ehsan ullah Ehsan threatened to kill Malala Yousafzai again
کیپشن: فائل فوٹو

برمنگھم: کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان کی جانب سے ملالہ یوسفزئی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس مرتبہ انھیں مارنے کیلئے کوئی ماہر بندہ بھیجا جائے گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے اپنے دھمکی آمیز بیان میں احسان اللہ احسان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ کسی ماہر بندے کو بھیجیں گے کیونکہ ابھی آپ کیساتھ بہت حساب کتاب باقی ہے۔

احسان اللہ احسان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ملالہ یوسفزئی کے والد کے ساتھ بھی ہمارا پرانا حساب ہے، جسے ہم وصول کرینگے۔

سابق طالبان ترجمان نے ملالہ یوسفزئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جلد سوات تشریف لائیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ نے برطانوی نشریاتی ادارے کیساتھ اپنا ایک انٹرویو شیئر کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے جان سے بھی زیادہ جو چیز عزیز ہے، وہ سوات ہے۔

احسان اللہ احسان کی جانب سے بھیجی گئی اس دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ ایک ایسا شخص آخر فرار کیسے ہوا؟ جو مجھ سمیت کئی معصوم لوگوں پر حملوں میں ملوث تھا، یہ شخص اب دوبارہ دھمکیاں دے رہا ہے۔

یہ بات ذہن نشین رہے کہ ملالہ یوسفزئی کو کالعدم تحریک طالبان کے کارندوں نے گولی مار کر قتل کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن ان کی خوش قسمتی تھی کہ وہ بچ گئیں، انھیں علاج کیلئے برطانیہ لے جایا گیا تھا جہاں وہ اب ناصرف رہائش پذیر ہیں بلکہ اپنی تعلیم بھی حاصل کر رہی ہیں۔ یہ افسوسناک واقعہ 2012ء میں پیش آیا تھا۔