خیبرپختونخوا پولیس بھی مجھے کہہ رہی ہے نااہل سے جان چھڑاؤ، مریم نواز

خیبرپختونخوا پولیس بھی مجھے کہہ رہی ہے نااہل سے جان چھڑاؤ، مریم نواز
کیپشن: خیبرپختونخوا پولیس بھی مجھے کہہ رہی ہے نااہل سے جان چھڑاؤ، مریم نواز
سورس: فائل فوٹو

نوشہرہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب عوام ووٹ کی طاقت سے بدلہ لیں گے۔ 

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ قومی وطن پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی، جے یو آئی ف، مولانا فضل الرحمان اور خصوصی طور پر مولانا عطاء الرحمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے مسلم لیگ ن کے ساتھ تعاون کیا اور اپنے امیدوار کو ن لیگ کے حق میں دستبردار کرایا جبکہ اپنی عزت اور حوصلہ افزائی کی بھی مشکور ہوں۔

ضمنی الیکشن کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ یہ ہو نہیں سکتا کہ ڈسکہ جاؤں اور نوشہرہ نہ جاؤں کیونکہ مجھے پشتو زبان سے بہت پیار ہے۔ مجھے جتنی ہمدردی پنجاب سے ہے اور سندھ سے ہے بلکہ بلوچستان سے بھی ہے اس سے زیادہ ہمدردی خیبرپختونخوا سے ہے کیونکہ اس کی وجہ نالائقی ، چوری اور ڈکیتی سمیت دیگر مسائل یہ صوبہ 8 سال سے برداشت کر رہا ہے۔ 

انہوں نے کہا ان کو پتہ تھا دال نہیں گلنے والی تو چور، چور کا شور مچا دیا اور عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈال کر عمران خان کو مسلط کیا گیا اور آج ریڑھی والا اور دکاندار سب پریشان ہیں اور غریبوں کے پاس بچوں کی فیس کیلئے پیسے نہیں جبکہ خیبرپختونخوا کی پولیس بھی مجھے کہہ رہی تھی نااہل سے جان چھڑاؤ۔