بھارت میں زیرحراست پاکستانی خاتون سمیراسے متعلق کیس میں اہم پیش رفت 

Pakistan Girl in India, Sumaira, Indian Jail, Sheikh Rasheed

اسلام آباد:وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارت میں زیرحراست پاکستانی خاتون سمیرا کو پاکستانی شہریت کا تصدیق نامہ جاری کر دیا ہے ،سمیرا کو پاکستانی شہریت نامہ نادرا کے ذریعے اسکے خاندان کی تصدیق کے بعدجاری کیا گیا ہے۔ 

وزارت داخلہ نے شہریت تصدیق نامہ کا مراسلہ آج وزارت خارجہ کو بھیج دیا ہے، شہریت تصدیق کے ساتھ ہی سمیرا کو نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمشن سفری دستاویز جاری کرے گا۔

 سفری دستاویز جاری ہونےکے بعد سمیرا نامی پاکستانی شہری وطن واپس آ سکیں گی ، سمیرا کے ساتھ اسکی چار سالہ بیٹی بھی پاکستان واپس آسکے گی۔

واضح رہے چند روز قبل پاکستان سینیٹ میں ایک ایسی خاتون شہری کا مسئلہ اٹھایا گیا تھا جو انڈیا میں قریب چار سال سے قید میں ہیں اور اپنی بیٹی کے ہمراہ وطن واپسی کی منتظر ہیں۔

سمیر ا کا کہنا ہے  کہ میں نے جو غلطی کی، قانون کی رو سے میں اُس کی سزا بھگت چکی ہوں مگر میرے دکھ اور تکالیف ہیں کہ کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے ہیں۔ خاندان والے پہلے ہی قطع تعلق کر چکے تھے مگر اب انڈیا میں موجود خاوند نے بھی منہ موڑ لیا ہے۔ اس وقت میرا واحد سہارا میرا ملک پاکستان ہے۔

سمیرا کی وکیل کے مطابق پاکستان کی جانب سے تقریباً چھ ماہ سے شہریت کا قانونی تصدیق نامہ حاصل نہ ہونے کے سبب وہ اس حراستی مرکز میں موجود ہیں۔