محسن بیگ کیس نیا رُخ اختیار کر گیا ،حکومت کا اہم فیصلہ 

Mohsin Baig, Arrest Mohsin Baig, FIA

اسلام آباد:حکومت نے محسن بیگ کے خلاف ایف آئی اے کے چھاپے کو غیر قانونی قرار دینے والے اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ،اسی سلسلے میں وزیر اعظم آفس میں وزیر اعظم عمران خان کی ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللہ نیازی اور اٹارنی جنرل سے ملاقات ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد نیازاللہ نیازی اور اٹارنی جنرل نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں انہیں محسن بیگ کیس پر تفصیلی بریفنگ دی ،اٹارنی جنرل سے ملاقات کے بعد حکومت نے محسن بیگ کے گھر پر چھاپے کو غیر قانونی قرار دینے والے جج کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔

بعدازاں ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللہ نیازی نے میڈیا کو بتا یا کہ ایڈیشنل سیشن جج کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ،ایڈوکیٹ جنرل کے مطابق جب محسن بیگ کو عدالت میں پیش کر دیا گیا تھا تو عدالت کی آبزرویشن غیر قانونی تھی اور ایڈشنل سیشن جج نے جلد بازی میں کیس سے متعلق فیصلہ دیا۔