ملک بھر میں 23 جنوری کو ہونے والے بریک ڈاؤن کی انکوائری رپورٹ تیار، ذمہ داروں کا تعین ہو گیا

ملک بھر میں 23 جنوری کو ہونے والے بریک ڈاؤن کی انکوائری رپورٹ تیار، ذمہ داروں کا تعین ہو گیا

اسلام آباد: 23 جنوری کو ملک بھر میں ہونے والے بجلی کے بدترین بریک ڈاؤن کی انکوائری رپورٹ تیار کر لی گئی ہے اور ذمہ داروں کا تعین بھی ہو گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق انکوائری رپورٹ میں نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے افسران، پاور کنٹرول مینجمنٹ اور شفٹ انچارج کو بجلی بریک ڈاو¿ن کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پن بجلی والے منصوبے ٹرپنگ کے فوری بعد بجلی پیداوار میں ناکام رہے لہٰذا این ٹی ڈی سی، واپڈا، آئی پی پیز بجلی بحالی کا باقاعدہ نظام مرتب کریں۔
تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں یہ سفارش بھی کی ہے کہ بجلی کی پیداوار کیلئے پاور پلانٹس کے میرٹ آرڈر پر سختی سے عمل کیا جائے، پن بجلی منصوبوں میں ٹرپنگ کے بعد جلد از جلد بحالی کی صلاحیت کی تحقیقات کی جائیں۔
انکوائری کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سالانہ بنیادوں پر بلیک آؤٹ کی صورتحال سے نمٹنے کا پری ٹیسٹ کیا جائے اور پاور سسٹم کو مصنوعی ذہانت کی بنیاد پر چلایا جائے۔
واضح رہے کہ 23 جنوری کی صبح ملک بھر میں ہونے والا بجلی کا بریک ڈاؤن تقریباً 24 گھنٹے بعد بحال ہوا تھا جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر مملکت برائے توانائی مصدق ملک کو تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کا حکم دیا تھا۔

مصنف کے بارے میں