چاند پر قدم رکھنے والے آخری انسان جین سرنن 82 برس کی عمر میں چل بسے

چاند پر قدم رکھنے والے آخری انسان جین سرنن 82 برس کی عمر میں چل بسے

نیو یارک : چاند کی زمین پر قدم رکھنے والا آخری انسان چل بسا ، جین سرنن انسانی تاریخ میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔ امریکی خلائی ادارے ناسا نے کہا ہے کہ انھیں سرنن کے انتقال پر گہرا دکھ ہوا ہے۔کیپٹن سرنن کا شمار ان تین افراد میں ہوتا ہے جو دو بار چاند پر گئے۔ پہلی بار وہ 1969 میں وہ اپالو 10 مشن کا حصہ تھے جس نے چاند کی سطح سے 50 ہزار فٹ اوپر پرواز کی، تاہم وہ اترا نہیں۔
اس کے تین سال بعد سرنن اپالو 17 مشن کے کمانڈر کی حیثیت سے نہ صرف چاند پر اترے بلکہ انھوں نے وہاں تین دن گزارے۔ان کے بعد سے آج تک کوئی اور انسان چاند پر نہیں گیا۔چاند سے لوٹتے وقت انھوں نے کہا تھا۔
ہم جیسے آئے تھے ویسے ہی واپس جا رہے ہیں۔ اگر خدا نے چاہا تو تو ہم تمام انسانیت کے لیے امن اور امید لے کر لوٹیں گے۔سرنن چاند کے سفر سے قبل 1966 اور 1969 میں دو بار خلا میں بھی جا چکے تھے۔وہ پیشے کے لحاظ سے امریکی بحریہ میں ایوی ایٹر تھے اور انھیں 1963 میں ناسا نے اپنے خلائی مشن کے لیے منتخب کیا تھا۔وہ 1976 میں ریٹائر ہو گئے تھے۔ انھوں نے اپنی زندگی کے بارے میں ایک دستاویزی فلم بھی بنائی تھی۔وہ 14 مارچ 1934 کو شکاگو میں پیدا ہوئے تھے۔