قوم کو امریکی امداد کے بغیر زندہ رہنا ہوگا، خواجہ آصف

قوم کو امریکی امداد کے بغیر زندہ رہنا ہوگا، خواجہ آصف

اسلام آباد: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ایک شخص رات 4 بجے اٹھ کر اربوں روپے کا طعنہ دے یہ نہیں ہونا چاہیے اور قوم کو امریکی امداد کے بغیر زندہ رہنا ہو گا تاکہ ایسے طعنے دوبارہ نہ سنیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کولیشن سپورٹ فنڈ کو امداد سمجھا جو غلط ہے جبکہ پاکستان امریکا کو زمینی اور فضائی سہولت مفت میں دے رہا ہے جب کہ کولیشن سپورٹ فنڈ کے 23 ارب ڈالرز میں سے 14 ارب ڈالرز ملے ہیں اور 7 ارب ڈالر اب بھی باقی ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ہماری وجہ سے امن کی کوششوں میں رخنہ آئے اور امریکا سے بگاڑ پیدا ہو اور یہ بھی نہیں چاہتے کہ اپنے وقار پر سمجھوتہ کریں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی معاون نائب وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان سے لگتا ہے کہ وہ تعلقات بہتر کرنا چاہتے ہیں تاہم پاک امریکا تعلقات کو باہمی عزت و وقار پر استوار ہونا چاہیے اور پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔ بھارت اور اسرائیل کے درمیان باہمی معاہدوں کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ صدیوں پرانا ہے جبکہ دشمن کو دشمن سمجھنا چاہیے۔

سی پیک سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے کہا کہ چین نے سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے کی خواہش کا اظہار کیا جب کہ پاکستان چین کی سی پیک توسیع منصوبہ بندی کا حامی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں