ساؤتھ افریقہ نے بھارت کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 135 رنز سے شکست دیدی

ساؤتھ افریقہ نے بھارت کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 135 رنز سے شکست دیدی

سینچورین : ساؤتھ افریقہ نے بھارت کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی دھول چٹا دی۔ افریقہ نے بھارت کو 135 رنز کی شکست سے دوچار کیاساؤ تھ افریقہ اپنی دوسری اننگ میں 258رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی تھی اور مہمان ٹیم کو جیتنے کے لئے 287رنز کا ہدف دیا تھا۔ جس کے تعاقب میں بھارت 151 رنز پر ہمت ہار گیا ۔ دوسری اننگز میں بھارت کا کوئی بھی کھلاڑی افریقن گیند بازوں کے سامنے ٹک نہ پایا ۔ ساؤتھ افریقہ کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے نگیڈی نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پہلی اننگز میں افریقہ نے ٹاس جیت کر 335 رنز بنائے جس کے جواب میں بھارت نے ویرات کوہلی کی شاندار سینچری کی بدولت 307 رنز بنائے یوں ساؤتھ افریقہ کو  بھارت پر 28 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ۔افریقہ نے دوسری اننگز میں ایلگر کے 61 اور ڈی ویلیئر کے 80 رنز کی بدولت 258 رنز بنائے اور یوں بھارت کو جیت کیلئے 287 رنز کا آسان ہدف دیا۔ بھارت دوسری اننگز کے آغاز میں ہی مشکلات کا شکار ہو گیا اور چوتھے دن کے اختتام تک بھارت کے 3 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے جن میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی بھی شامل تھے جنہوں نے پہلی اننگز میں 153 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی ۔دوسری اننگز میں بھارت کا کوئی بھی بلے باز افریقن باؤلرز کا سامنا نہ کر سکا۔روہت شرما 47 رنز کیساتھ ٹاپ اسکورر رہے ۔

افریقہ کی جانب سے نگیڈی نے ڈیبیو میچ میں 6 بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ ربادا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 

اس شکست کیساتھ جنوبی افریقہ نے بھارت کو 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 2 -0 سے شکست دیدی ہے اور اب بھارت کو افریقہ سے وائٹ واش کا خطرہ ہے ۔