بلاول بھٹو کے نواز شریف اور عمران خان پر کھلے وار

بلاول بھٹو کے نواز شریف اور عمران خان پر کھلے وار

بدین: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں دو لاڈلوں کی لڑائی ہے کیونکہ ایک لاڈلہ کہتا ہے میرے اثاثے ہیں تو اسے کہاجاتا ہے تمہارے اثاثے نہیں ہیں۔بدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ زینب کا واقعہ پہلا نہیں، ایسے واقعات کا تسلسل ہے اور ملک میں ہونےوالے واقعات دیکھتا ہوں تو دل خون کے آنسو روتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے شریف برادران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ قوم باشعور ہے اور آپ دونوں بھائیوں کی اصلیت جان چکی ہے. آپ گلی گلی میں دہائی دیتے پھر رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا، یہ آپ لوگوں سے کیوں پوچھ رہے ہیں بلکہ چھوٹے بھائی سے پوچھیں. نوازشریف اپنی سیاسی عمر پوری کرچکے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں وزیراعلیٰ پر کرپشن کے الزامات ہیں لیکن تحقیقات نہیں ہورہی. آپ کے ’قریب ترین‘ کو عدالت نے کرپشن پر نااہل ترین قرار دیا جبکہعمران خان نے نااہل ترین کے بیٹے کو سیاسی وارث قرار دے دیا۔انہوں نے ساتھ یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی والے دماغ پر زور نہ ڈالیں ہم سیاست سکھا دیں گے.بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ میں سیاسی یتیموں کا ٹولہ جمع کیا گیا ،ایک لاڈلے نے سندھ کے چکر لگانا شروع کر دیئے۔ 

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ قصور میں بچوں پر کیوں ظلم ہورہا ہے، وہاں ملزمان کی سرپرستی کون کررہا ہے۔ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ قصور کے بچے اتنے غیر محفوظ کیوں ہوئے. ہمیں اپنے بچوں کو انصاف دلانا اور مستقبل محفوظ بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ  ہمیں بچوں کو محفوظ بنانے کے لئے خاموشی توڑنا ہوگی۔ہم نے سندھ میں بچوں کی آگاہی کے لیے نصاب بنایا ہے۔