گوگل کا پاکستان کرکٹ ٹیم کے پہلے کپتان عبدالحفیظ کاردار کو خراج عقیدت

گوگل کا پاکستان کرکٹ ٹیم کے پہلے کپتان عبدالحفیظ کاردار کو خراج عقیدت
تصویر بشکریہ گوگل

اسلام آباد :پاکستان کرکٹ ٹیم کے پہلے کپتان عبدالحفیظ کاردار کی 94 ویں سالگرہ پر گوگل نے انہیں گوگل ڈوڈل کی صورت میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔


عبدالحفیظ کاردار 17 جنوری 1925 کو پنجاب کے مشہور کاردار آرائیں گھرانے میں پیدا ہوئے جنہوں نے اپنا کیریئر بطور کرکٹر بنایا۔ ان کا شمار ان تین کھلاڑیوں میں ہوتا جنہوں نے بھارت اور پاکستان دونوں کےلئے کرکٹ کھیلی، ان کے علاوہ عامر الہیٰ اور گل محمد بھی ایسے ہی کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ عبدالحفیظ کاردار آل راﺅنڈر تھے جنہوں نے اپنے کیریئر میں بیٹنگ کے شعبے میں 6,832 رنز بنانے کے علاوہ باﺅلنگ کے شعبے میں 344 وکٹیں حاصل کیں۔

عبدالحفیظ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے صدر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیں۔ ان کی کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا۔ عبدالحفیظ کاردار 21 اپریل 1996ءکو دنیائے فانی سے کوچ کرگئے لیکن کرکٹ کی دنیا میں ان کا نام آج بھی روشن ہے ۔

دنیا بھر کے ممتاز کرکٹرز نے گوگل کے ڈوڈل پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے پہلے کپتان عبدالحفیظ کاردار کی پذیرائی پر دنیائے کرکٹ میں پاکستان کے مقام کو عالمی سطح پر تسلیم کیا ہے جس سے پاکستانی کھلاڑیوں کی مزید حوصلہ افزائی ہوگی۔