بنگلہ دیش نے ’ان دیکھے دباؤ‘ کی وجہ سے دورہ پاکستان تین مرحلوں میں کرنیکا فیصلہ کیا،شعیب اختر

بنگلہ دیش نے ’ان دیکھے دباؤ‘ کی وجہ سے دورہ پاکستان تین مرحلوں میں کرنیکا فیصلہ کیا،شعیب اختر

لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ’ان دیکھے دباؤ‘ کی وجہ سے دورہ پاکستان تین مرحلوں میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شعیب اختر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو اس بات پر کریڈٹ دینا چاہئے کیونکہ یہ ان کی سخت محنت کا نتیجہ ہے کہ ملک میں کرکٹ بحال ہو رہی ہے۔میں لوگوں سے گزارش کروں گا کہ وہ بنگلہ دیش کیخلاف کوئی غلط بات نہ کریں کیونکہ وہ یہ سب کچھ بہت سے ’ان دیکھے‘ دباؤ کے تحت کر رہے ہیں لیکن میں سر عام اس ’دباؤ‘ کے بارے میں بات نہیں کر سکتا۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ بی سی بی کو سیاسی معاملات اور پریشر گروپس سے بھی نمٹنا تھا لیکن ایشیاءکپ کی میزبانی سے دستبردار ہونے سے متعلق باتیں بلاوجہ ہیں۔

بنگلہ دیشی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بہت سی افواہیں پھیلی تھیں اور بہت سے لوگوں کا یہ ماننا ہے کہ بنگلہ دیش نے اپنے مطالبات پورے کر لئے ہیں جبکہ کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایشیا کپ کی میزبانی کے بدلے بنگلہ دیشی ٹیم کا دورہ پاکستان قبول کیا ہے۔ حالانکہ یہ ڈیل اس صورت میں تو ہو سکتی تھی کہ ایشیاءکپ کی میزبانی پاکستان کے بجائے بنگلہ دیش کے پاس ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت محفوظ ملک ہے جہاں بہترین سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے جبکہ بہت سے کرکٹرز بھی انتظامات کا جائزہ لے چکے ہیں لیکن تین مرحلوں میں دورہ پاکستان میری سمجھ میں آتا ہے، کم از کم بنگلہ دیشی ٹیم سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آ تو رہی ہے، البتہ اس سے دنیا کو کوئی مثبت پیغام نہیں جائے گا۔