وفاقی حکومت کورونا ویکسین خریدنے کی اجازت دے، صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو

The federal government should allow the purchase of corona vaccine, said Azra Pechuho, the provincial health minister
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سندھ حکومت کو بھی ویکسین خریدنے کی اجازت دے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وبائی مرض کے حفاظتی ٹیکوں کی خریداری میں وفاق ہی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

گزشتہ روز کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چین کی ویکسین کے ٹرائل ہو رہے ہیں۔ وفاق سے رابطے میں ہیں تاہم اس بات کا کوئی اندازہ نہیں ہے کہ ویکسین کب آئے گی۔

وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ چین سے ویکسین کی بات کرنا فیڈریشن کا کام ہے۔ پاکستان میں چین کی ویکسین کے ٹرائل بھی ہوئے ہیں۔ ایسا لگ رہا ہے ملک میں سب سے آخر میں ہمارے پاس ویکسین آئے گی۔

عذرا پیچوہو نے مطالبہ کیا کہ وائرس تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، وفاقی حکومت ویکسین خریدنے کی اجازت دے۔ ہمیں 70 سے 80 فیصد لوگوں کو ویکسین لگانی ہے۔ تاہم انہوں نے اس موقع پر عوام کو باور کرایا کہ حفاظتی ٹیکے لگنے کے بعد بھی انھیں ماسک پہننا پڑے گا۔ چاہتے ہیں اپنے لوگوں کو سب سے پہلے ویکسین دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی ویکسین کے کراچی یونیورسٹی، انڈس ہسپتال اور آغا خان ہسپتال میں ٹرائل ہوئے ہیں۔ ویکسین کیلئے چین کی حکومت سے بات ہوئی ہے لیکن حصول وفاق کا کام ہے۔ یہ بہت ہی مشکل مرحلہ ہے۔ ہمیں کچھ اندازہ نہیں کتنی اور کس ٹائم فریم میں ویکسین آئے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت سے ویکسین کے حصول کیلئے بارہا باتیں کی ہیں۔ بطور صوبہ ہم چین سے براہ راست ویکسین نہیں لے سکتے۔