ضمنی الیکشن میں تمام سیاسی پارٹیوں کا حصہ لینا خوش آئند ہے: چودھری پرویز الٰہی

ضمنی الیکشن میں تمام سیاسی پارٹیوں کا حصہ لینا خوش آئند ہے: چودھری پرویز الٰہی

لاہور: چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں ، عوام سمیت سب کو مل کر چلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حالات کی بہتری کیلئے فوری اقدامات ضروری ہیں ، ضمنی الیکشن میں تمام سیاسی پارٹیوں کا حصہ لینا خوش آئند ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی سابق ایم این اے میاں منیر کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے میاں منیر کے بھائی میاں نواز کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے میاں منیر اور تمام اہل خانہ کو صبر کی تلقین کی۔

اس موقع پر میاں ریحان ، میاں رضا ، میاں جہانگیر ، میاں نذیر ، میاں وحید ، میاں وقار ، میاں اسد منیر اور میاں عزیز بھی موجود تھے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ موسم ٹھنڈا ہونے کے باوجود اپوزیشن سیاسی موسم گرم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ کے انٹرا پارٹی الیکشن میں کامیاب ہونے والوں کو مبارکباد دی۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے مرکزی صدر چودھری شجاعت حسین ، مرکزی جنرل سیکرٹری طارق بشیر چیمہ اور چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور اسلام آباد کیپٹل کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں جمہوری عمل مکمل ہو گیا ہے ، سب نے مل کر پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے کام کرنا ہے۔

بشکریہ: نئی بات