آسٹریلیا سے ڈی پورٹ ہونے والے نوواک جوکووچ دبئی پہنچ گئے

آسٹریلیا سے ڈی پورٹ ہونے والے نوواک جوکووچ دبئی پہنچ گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: عالمی نمبر ایک سربین ٹینس سٹار نوواک جوکووچ مقدمہ ہارنے پر آسٹریلیا سے ڈی پورٹ ہونے کے بعد دبئی پہنچ گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق سربیا کے ٹینس سٹار نوواک جوکووچ کو مقدمہ ہارنے کے بعد آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کیا گیا جو اتوار کی صبح میلبورن سے دبئی کیلئے روانہ ہوئے تھے، وہ رواں سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن میں شرکت نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ نوواک جوکووچ کی ڈی پورٹ کئے جانے کے خلاف آخری درخواست کو آسٹریلوی فیڈرل کورٹ نے مسترد کرتے ہوئے حکومت کے حکم نامے کو برقرار رکھا تھا جبکہ ترمیم شدہ درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے مقدمے بازی کا جرمانہ بھی عائد کرنے کا حکم دیا گیاتھا۔ 
نوواک جوکووچ نے عدالتی فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور آسٹریلیا سے واپس جانے میں متعلقہ حکام سے مکمل تعاون کریں گے۔ 
یاد رہے کہ ٹینس سٹار نے ویکسین لگائے بغیر آسٹریلیا میں رہنے کا حق استعمال کرنا چاہا تھا تاہم آسٹریلین حکومت نے ان کا ویزہ منسوخ کر دیا تھا اور آسٹریلیا کے وزیر برائے امیگریشن ایلکس ہاک کا کہنا تھا کہ جوکووچ کا ویزہ منسوخ کرنے کا فیصلہ مفاد عامہ اور صحت کی وجوہات کی بنا پر کیا گیا۔