مشاورت کیا کروں آف دی ریکارڈ باتیں میڈیا تک پہنچ جاتی ہیں: وزیراعظم

مشاورت کیا کروں آف دی ریکارڈ باتیں میڈیا تک پہنچ جاتی ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے وسیع مشاورتی اجلاس اور کابینہ میٹنگ نہ بلانے کی وجہ بتا دی۔ وزیراعظم نے وزراء سے گلہ کیا کہ آپ سے کیا مشاورت کروں اجلاسوں میں ہونیوالی، آف دی ریکارڈ باتیں صبح اخبارات میں شہ سرخیوں کے ساتھ شائع ہوتی ہیں اور ٹی وی چینلز پر زیر بحث نظر آتی ہیں۔ وزیراعظم نے وزراء کے ساتھ گلہ اس وقت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا جب انہیں کہا جا رہا تھا کہ آپ مشاورت کا دائرہ وسیع کریں اور پارٹی اجلاس زیادہ سے زیادہ بلائیں۔

جے آئی ٹی رپورٹ بارے کئی مشاورتی اجلاس وزیراعظم ہاؤس کے رہائشی حصے میں بھی کئے گئے تھے جس میں صرف شریف فیملی کے افراد اور لیگل ٹیم نے شرکت کی تھی۔ وزیراعظم نے جب کابینہ اجلاس میں گلہ کیا تو کئی وزراء کے چہرے لٹک گئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں مشاورت چاہتا ہوں لیکن ضروری ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کی باتیں باہر نہ جائیں۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کے بعض ملازمین جن کا روزانہ کے معاملات سے تعلق نہیں تھا انہیں چھٹی پر بھیج دیا گیا اور صرف وہی ملازمین ڈیوٹی پر آ رہے ہیں جن کی ضرورت ہوتی ہے۔

یاد رہے پاناما کیس کی جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد وزیراعظم نواز شریف مسلم لیگ ن کے پارلیمانی رہنماؤں اور کابینہ کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں