آزاد کشمیر کابینہ کا وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی

آزاد کشمیر کابینہ کا وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی

اسلام آباد: آزاد کشمیر کابینہ ، پارلیمانی پارٹی اور مسلم لیگ ن کی مرکزی تنظیم و ضلعی تنظیمات نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا ہے اور وفاقی کابینہ کی جانب سے استعفیٰ نہ دینے کے فیصلے کی توثیق کی ہے ۔  جموں وکشمیر ہائوس میں منعقدہ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی،ضلعی صدور ،مسلم لیگ ن یوتھ ونگ، ایم ایس ایف این کے عہدیداران نے شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کی جبکہ وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر مہمان خصوصی تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ جب بھی پاکستان ترقی کرتا ہے تو کوئی نہ کوئی مسئلہ کھڑا ہو جاتا ہے ، امریکہ کی جانب سے ہندوستان کو ڈرون طیارے فراہم کرنا اور اسلحے کے معاہدے کرنا خطے میں طاقت کے توازن کو بگاڑنا ہے،ایک مضبوط مستحکم پاکستان کی کشمیریوں کا موثر وکیل ثابت ہو سکتا ہے ،مسلم لیگ ن کے کارکن وزیر اعظم پاکستان میاںمحمد نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں ،لیگی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی باغیرت اور نہ بکنے والے ہیں ،وہ نواز شریف کا ساتھ کسی صورت نہیں چھوڑیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف منتخب وزیر اعظم ہیں ،ان کے خلاف کی جانے والی سازشوں کی مذمت کرتے ہیں ،میڈیا میں سنسرشپ کارحجان ختم ہوتا جا رہا ہے اور ایک ساز ش کے تحت ملک کی جڑوںکو کھوکھلا کیا جا رہا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کے دانشوروں اور صحافیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ملکی معاملات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ۔