کلبھوشن یادیو کیس سے متعلق عالمی عدالت میں پاکستان نے جواب جمع کروا دیا

کلبھوشن یادیو کیس سے متعلق عالمی عدالت میں پاکستان نے جواب جمع کروا دیا
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

اسلام آباد: پاکستان میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا کیس عالمی عدالت انصاف میں چلایا جا رہا ہے ،اب خبر کے مطابق پاکستان نے دی ہیگ کی عالمی عدالت میں کلبھوشن کیس میں اپنا جواب الجواب جمع کرادیا ہے جس میں بھارت کے تمام الزمات مسترد کر دیئے گئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ محمد فیصل کے مطابق پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹرانڈیا افیئرز فریحہ بگٹی نے جواب الجواب جمع کرایا۔ ہیگ میں پاکستانی سفارتخانے کے افسر وسیم شہزاد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ہیگ کی عالمی عدالت میں جمع کرائے گئے جواب الجواب میں بھارت کے تمام اعتراضات کو مسترد کیا گیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے 400 سے زائد صفحات پر مشتمل جواب ڈائریکٹر انڈیا کے عہدے پر فائز ڈاکٹر فریحہ بگٹی نے جمع کرایا۔ پاکستان کی جانب سے جواب الجواب میں یہ پہلا جواب ہے۔ پاکستان نے اس سے پہلے بھارتی دہشت گرد کمانڈر کلبھوشن یادیو کے کیس میں اپنا جواب 13 دسمبر 2017 کو جمع کرایا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستانی عدالت کی طرف سے کلبھوشن یادیو کو پھانسی کی سزا سنائی جا چکی ہے لیکن بھارت نے اپنے ایجنٹ کو بچانے کی خاطر عالمی عدالت سے رجوع کر لیا تھا جس کے بعد پھانسی پر عملدرآمد روک دیا گیا تھا۔