پاکستان کو ملائیشیا بنانے کیلئے جان کی بازی لگا دوں گا: شہباز شریف

پاکستان کو ملائیشیا بنانے کیلئے جان کی بازی لگا دوں گا: شہباز شریف
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

نوشہرہ: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو ملائیشیا بنانے کیلئے جان کی بازی لگا دوں گا، 13 جولائی کو لاہور نے ثابت کر دیا اگلی حکومت ن لیگ کی ہوگی۔

نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا کہ 13 جولائی کو نوازشریف مریم نواز کے ساتھ لاہور پہنچے بیٹی کے سامنے باپ کو گرفتار کیا جائے تو بیٹی پر کیا گزرتی ہے، نواز شریف اپنی ذات کیلئے نہیں عوام کیلئے واپس آئے۔ بیگم کلثوم نواز زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں، اللہ تعالیٰ بیگم کلثوم نواز کو صحتیابی عطا فرمائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2013 میں 20، 20 گھنٹے بجلی نہیں آتی تھی، ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی تھی، ن لیگ کی حکومت نے 11 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی، پنجاب کے 36 اضلاع میں تمام ہسپتالوں کو شاندار بنایا۔ الزام خان 2013 میں کہتا تھا کہ پورے پاکستان کو بجلی دوں گا، عمران خان کے پی میں ایک میگاواٹ بجلی بھی نہ بنا سکے۔ ڈینگی آیا تو عمران خان پہاڑوں پر چڑھ گیا۔ موقع ملا تو کسانوں کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے، کسانوں کو کھاد اور ٹیوب ویل سستے فراہم کیے جائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج نگران حکومت اور پی ٹی آئی مل گئے ہیں، الیکشن کمیشن صرف خاموش تماشائی بنا ہوا ہے، نیب صرف ن لیگی کارکنوں کو نشانہ بنارہی ہے۔ عمران خان نے کرپٹ لوگوں کو ٹکٹ جاری کیے۔ عمران خان کے سیالکوٹ، نارووال اور جھنگ کے جلسوں میں خالی کرسیاں تھیں۔