امریکا کا پاک بھارت کرتار پور راہداری منصوبے کا خیرمقدم

امریکا کا پاک بھارت کرتار پور راہداری منصوبے کا خیرمقدم
پاکستانی وزیراعظم سرکاری دورے پر آئندہ ہفتے امریکا آ رہے ہیں، مورگن آرٹیگس۔۔۔۔۔۔فوٹو/ امریکی میڈیا

واشنگٹن: امریکا نے کرتارپور راہداری منصوبے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور میں مثبت پیش رفت کا خیر مقدم کیا ہے۔


امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن آرٹیگس نے پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاک بھارت کرتارپور راہداری منصوبے کو خوش آئند قرار دیا۔

اس دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ  نے کہا کہ امریکا ایسے تمام اقدامات کی حمایت اور حوصلہ افزائی کرتا ہے جو پاکستان اور بھارت کے عوام کو ایک دوسرے سے قریب کرے۔

پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا سے متعلق مورٹن آرٹیگس کا کہنا تھا کہ وہ سرکاری دورے پر آئندہ ہفتے امریکا آ رہے ہیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے کی پریس بریفنگ میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق نہیں کی تھی جس پر قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔

بعدازاں وائٹ ہاؤس اور پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی وزیراعظم کے دورہ امریکا کی تصدیق کر دی تھی۔