حکومت فی لیٹر پیٹرول پر47روپے ٹیکس وصول کر رہی ہے، وفاقی وزیر

حکومت فی لیٹر پیٹرول پر47روپے ٹیکس وصول کر رہی ہے، وفاقی وزیر

اسلام آباد:وفاقی وزیربرائے توانائی عمر ایوب نے سینٹ اجلاس کے دوران بتایا ہے کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمت خرید اور ٹیکس برابر ہے۔

سینٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں اضافی ٹیکسز وصول کرنے کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت خرید سے 100فیصد زائد ٹیکس حکومت کیوں وصول کر رہی ہے۔وفاقی وزیر عمر ایوب نے بتایا کہ پیٹرول کی قیمت خرید 48روپے 54پیسے ہے جبکہ حکومت پیٹرول پر47روپے 86پیسے اور ڈیزل پر 51روپے 41پیسے فی لیٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر کہتے ہیں پیٹرولیم مصنوعات پر17فیصد ٹیکس لے رہے ہیں۔ سینیٹ اجلاس میں  وقفہ سوالات کے دوران عمر ایوب کا کہنا تھا خطے میں پاکستان میں تیل کی قیمت اسوقت سب سے کم ہے اگر حکومت ٹیکس وصول نہیں کرے گی تو سینیٹ کی لائٹس اور تنخواہ کا خرچہ کون دے گا۔خیال رہے کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 100 روپے فی لیٹر ہے۔ حکومت نے حال ہی میں ڈیزل کی قیمت میں 21 اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 31 روپے سے زائد کا اضافہ کیا ہے۔

یکم جولائی 2019 کو پٹرول کی فی لیٹر قیمت 112 روپے 68 پیسے، ڈیزل126 روپے 82 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت 98 روپے 46 پیسے تھی۔اگست کے مہینے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اوسطا 5 روپے تک اضافہ کیا گیا۔ ستمبر 2019 میں پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے، ڈیزل5 روپے 33 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 27 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی۔اکتوبر کے مہینے میں ستمبر کی قیمتیں برقراررکھی گئیں۔ نومبر میں پیٹرول کی قیمت میں 1 روپیہ ، ڈیزل 27 پیسے اورمٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے 39 پیسے کمی کی گئی۔دسمبر2019 میں پیٹرول 25 پیسے، ڈیزل 2 روپے 04 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 83 پیسے کمی کی گئی۔جنوری 2020 میں دسمبر کی نسبت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اوسطا اضافہ کرکے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 116 روپے 60 پیسے، ڈیزل127 روپے 26 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت 99 روپے 45 پیسے مقرر کی گئی جب کہ جنوری کی قیمتیں فروری کے مہینے میں برقرار رکھی گئیں۔رواں مالی سال مارچ کے مہینے میں پیٹرول، ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے کمی کی گئی۔

کرونا وائرس کے باعث ماہ اپریل کے لئے 25 مارچ کو نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں15 روپے 03 پیسے، ڈیزل 15 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 15 روپے فی لیٹر کمی کی گئی۔مئی2020 میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کرکے پیٹرول14 روپے 98 پیسے، ڈیزل 27 روپے 15 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 30 روپے 01 پیسے کمی کی گئی۔رواں سال جون میں پیٹرول کی قیمت میں مزید 7 روپے 06 پیسے کمی کرکے نئی قیمت 74 روپے 52 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 5 پیسے اضافہ کیا گیا جس سے نئی قیمت 80 روپے 15 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 11 روپے 88 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 35 روپے 56 پئسے مقرر کی گئی تھی۔